بنگلورو،04؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سابق وزیر اور سینئر کانگریسی لیڈر دنیش گنڈو راو کو کرناٹک کانگریس کا ریاستی صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے یہاں جاری ایک پریس بیان میں بتایا کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے مسٹر راو کو ریاستی کانگریس پارٹی کا صدر اور ایشور کھاندرے کو ایکزیکیوٹیو صدر بنایا ہے۔
مسٹر راو نے ڈاکٹرجی پرمیشور کی جگہ لی ہے جو جنتادل (سیکولر)۔کانگریس اتحادی حکومت میں نائب وزیراعلی بنائے گئے ہیں۔ مسٹر گہلوت نے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے ڈاکٹر پرمیشور کے کام کی تعریف کی ہے جنہوں نے مسلسل آٹھ برسوں تک پارٹی کے لئے سخت محنت کی اور اس کے پیش نظر انہیں پارٹی کے ریاستی سربراہ کی ذمہ داری سے آزاد کردیا گیاہے۔
ریاست کے سابق وزیراعلی آر گنڈو راو کے بیٹے مسٹر دنیش گنڈو راو اس سے پہلے پارٹی کے ایکزیکیوٹیو صدر رہ چکے ہیں۔ وہ مئی میں ہوئے انتخابات میں گاندھی نگر اسمبلی حلقہ سے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔